نئی دہلی،26؍مئی (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے مودی حکومت کے چار سالوں میں عام آدمی کی روزی روٹی پر بحران سمیت ملک پر چوطرفہ حملے بڑھنے کی بات کہی ہے۔یچوری نے کہاکہ مرکز کی بی جے پی حکومت کے چار سالوں میں ملک کے طور پر ہندوستان پر اور ملک کے لوگوں کی روزی روٹی پر غیر متوقع حملے دیکھنے کو ملے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں ملک پر چار طرح کے حملے مسلسل تیز ہوئے۔سب سے پہلے، اقتصادی اصلاحات کے نوداروادی ماڈل کو جارحانہ انداز میں نافذکرنے سے زیادہ تر لوگوں کی روزی روٹی تہس نہس ہو رہی ہے، دوسرا تیزی سے بڑھتی ہوئی فرقہ وارانہ پولرائزیشن سے ملک میں سماجی ہم آہنگی کا تانا بانا تباہ ہوا ہے، تیسری، پارلیمانی جمہوریت، آئینی اداروں اور حکام پر مسلسل ہو رہے حملے اور چوتھا، ہندوستان کی آزاد خارجہ پالیسی کے ساتھ مکمل طور پر سمجھوتہ کرنے کی وجہ سے ملک کی خود مختاری امریکی سامراج کے اثر میں نظر آرہی ہے۔یچوری نے کہا کہ یہ چاروں حملے مل کر ملک اور ملک کے لوگوں پر اجتماعی حملے ثابت ہوئے ہیں۔سی پی ایم لیڈر نے بائیں بازو مفکر کارل مارکس کی جینتی پر منعقد عالمی کانفرنس میں حصہ لینے کے لئے آج چین روانہ ہونے سے پہلے ٹویٹ کر مودی حکومت کے چار سال کی کامیابیوں کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا۔راجستھان میں کسانوں کو لہسن کی کم قیمت ملنے کی وجہ پانچ کسانوں کی خود کشی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج آپ نے اخبارات میں مودی کے بھاری بھرکم اشتہارات دیکھے ہوں گے، یہی وہ کامیابیاں ہے، جن کا وہ جشن منا رہے ہیں اور وہ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ ان کے پاس غریب کسانوں کے لیے رقم نہیں ہے۔قابل ذکر ہے کہ یچوری چین کی کمیونسٹ پارٹی کی دعوت پر چین میں منعقد کانفرنس میں بھارتی کمیونسٹ تنظیموں کی نمائندگی کریں گے۔